بلوچستان: ہرنائی میں مسلح افراد نے تین افغان کان کنوں کو قتل کر دیا

کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شارنگ میں مسلح افراد نے اتوار کو کوئلے کی کان میں کام کرنے والے تین کان کنوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

لیویز ذرائع کے مطابق ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرنگ کول فیلڈ میں کلی زودلان کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے تین کان کن ہلاک ہوگئے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس، انتظامیہ اور ایف سی اہلکار موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعےکی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہلاک کان کنوں کی شناخت جمعہ خان، رحمت اللّٰہ اور عزت اللّٰہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے تینوں کان کنوں کا تعلق افغانستان کے صوبے قندھار سے بتایا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدور شرپسندوں کی فائرنگ کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔

تین ماہ قبل بھی کوئٹہ کے قریب پہاڑی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے تین کان کنوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں مچھ کے علاقے میں 10 شیعہ ہزارہ کان کنوں کو قتل کیا گیا تھا جس کے بعد مقتولین کے ورثا نے لاشوں کے ہمراہ دھرنا دیا تھا۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں