کراچی: پولیس کی فائرنگ سے ممکنہ طور پر نمرہ بیگ کو گولی لگی؛ رپورٹ میں انکشاف

کراچی (ڈیلی اردو) انڈا موڑ پولیس مقابلہ، تحقیقاتی رپورٹ اے آئی جی کو پیش کراچی: انڈا موڑ پولیس مقابلے میں فائرنگ سے نمرہ کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ کو پیش کر دی گئی۔

پولیس ترجمان کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 22 فروری کو ملزمان اور پولیس میں طویل فاصلے سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں میڈیکل کی طالبہ نمرہ جاں بحق ہو گئی۔

تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس اہل کاروں کے بیان کے مطابق پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوا تھا، پولیس کی فائرنگ سے ممکنہ طور پر گولی راہ گیر لڑکی کو لگ گئی تھی، جس کے باعث نمرہ نامی بچی جاں بحق ہوئی۔

تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے گرفتار کرنے کے لیے کئی کلو میٹر تک ملزمان کا تعاقب کیا، پولیس اہل کاروں نے بیان دیا کہ فائرنگ نہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی تھی، تاہم ملزمان گلی میں گھس گئے، فائرنگ کے جواب میں فائر کیا۔

اہل کاروں نے بتایا کہ گلی میں موجود نمرہ کو گولی کیسے لگ گئی، کچھ معلوم نہیں۔ رپورٹ کے مطابق فائرنگ کرنے والے دونوں اہل کاروں کو ایس ایس پی سینٹرل نے معطل کیا، دونوں پولیس اہل کاروں کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

واضح رہے کہ ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ نے واقعے کی تحقیق کے لیے 2 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں