اسلام آباد (ویب ڈیسک) بھارت اور اسرائیل مل کر پاکستان پر حملہ کرنا چاہتے تھے تاہم انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بھارت نے پاکستان پر میزائل حملے کا منصوبہ بنایا تھا، بھارت کو پیغام دیا گیا پاکستان پر میزائل حملہ کیا تو بھرپور جواب ملے گا، پاکستان کو بھارت کے حملے کی انٹیلی جنس اطلاع مل گئی تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے ٹارگٹ پر بہاولپور اور کراچی ہیں، بھارت کے ممکنہ ٹارگٹ سے متعلق دوست ممالک سے معلومات شیئر کی جا چکی ہیں، پاکستان نے دوست ملکوں اور عالمی طاقتوں کو بتایا ہے کہ بھارت سے امن چاہتے ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت اور اسرائیل مل کر پاکستان پر حملہ کرنا چاہتے تھے تاہم انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر بھارت، اسرائیل اور ایک تیسرا بڑا ملک کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، بھارت کے دو ممکنہ حملے پیشگی اطلاع کی بنیاد پر ناکام بنائے گئے، دنیا کی اہم شخصیات پاکستان اور بھارت سے رابطے میں ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان براہ راست رابطہ نہیں ہے تاہم دونوں ممالک کی سیکیورٹی ایجنسیز کا رابطہ برقرار ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ’اس تمام صورتحال میں پہلے سعودی عرب، ترکی اور امریکا کا اہم کردار تھا لیکن اس کشیدگی کو کم کرنے میں برطانوی وزیراعظم نے پچھلے ایک دو دن میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان کے دوست ممالک اور عالمی رہنما پاکستان سے بھارت کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کا کہہ رہے ہیں لیکن پاکستان نے ان کو کہا ہےکہ ہم نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہےکہ ہم امن چاہتے ہیں، ہم نے پائلٹ کو رہا کرکے اس کا ثبوت دیا، اب مودی حکومت کو بھی عملی اقدام اٹھانا چاہیے جس سے پتا چلے کہ بھارت بھی پاکستان کے ساتھ امن چاہتا ہے‘۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ’بظاہر ایل او سی پر کشیدگی کم ہوگئی ہے لیکن پاکستان کے کچھ شہر دشمن کے ہدف پر ہیں، ہو سکتا ہے کہ اب وہ انٹرنیشنل بارڈر کراس نہ کریں بلکہ کوئی دہشت گرد حملہ کراسکتے ہیں، بھارت کچھ شہروں میں دہشت گرد حملے کرنا چاہ رہا ہے جس کی پاکستان کی جانب سے دوست ممالکت اور عالمی طاقتوں کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے‘۔
گزشتہ ہفتے بھارتی ایئرفورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی ہے جب کہ پاک فضائیہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اپنے جیٹ طیاروں کی فوری اور بروقت پروازیں کیں جس کے بعد بھارتی طیارے واپس بھاگ گئے، بھارتی طیارے بدحواسی میں اضافی لوڈ بالاکوٹ کے علاقے میں گرا کر بھاگ نکلے تاہم اس واقعے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔
اگلے ہی دن پاکستان نے بھارت کو کرارا جواب دیتے ہوئے 2 بھارتی طیاروں کو مارگرایا جب کہ ایک بھارتی پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا جس کو بعد میں جذبہ خیر سگالی کے تحت وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے حوالے کرنے کا اعلان کیا تھا۔