باجوڑ میں اے این پی کی گاڑی پر خودکش حملہ، 2 کارکن ہلاک، 4 زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 2 کارکن ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

پولیس نے نمائندہ ڈیلی اردو کو بتایا کہ بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت لیاقت خان اور محمد رحمان کے ناموں سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں عمر، یونس، زید، معشوق، عمران اور سعید شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو ہیڈ کواٹر ہسپتال خار منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔

ڈی پی او باجوڑ عبدالصمد خان نے بتایا کہ خودکش حملے میں اے این پی ورکر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، واقعہ پاک۔افغان سرحد کے قریب سور قمر علاقے میں لاغرے تھانے کی حدود میں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جس مقام پر حملہ کیا گیا وہ پہاڑی علاقہ ہے، خودکش بمبار اچانک آیا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ چکے ہیں۔

دھماکے کی ذمہ داری کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی تاہم اس سے قبل طالبان نے اے این پی پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

یاد ہے کہ نومبر میں باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں گشت کرنے والے 2 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

پولیس اہلکار راغگان ڈیم کے قریب تعینات تھے جب ریموٹ کنٹرول دھماکا کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں