مغربی کنارے میں جھڑپوں کے دوران سینکڑوں فلسطینی اور ایک اسرائیلی فوجی زخمی

رم اللہ (ڈیلی اردو/شِنہوا) مغربی کنارے کے شہر نابلس کے قریب شدید جھڑپوں کے دوران سینکڑوں فلسطینی اور ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہو گیا۔

فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نابلس کے شمال مغرب میں واقع گاؤں برقہ میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے 247 فلسطینی مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان زخمیوں میں سے 10 افراد کو بندوقوں سے بارود کی اصلی گولیوں اور 48 کو ربڑ کی تہہ چڑھائی گئی دھاتی گولیاں ماری گئی ہیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جس کو پیٹ میں گولی لگی تھی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ برقہ کے قریب واقع گاؤں بزاریہ میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران 54 فلسطینی زخمی ہوئے۔

اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ برقہ اور بزاریہ میں جھڑپوں کے دوران ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوا جہاں اسرائیلی فوجیوں نے پتھراؤ کرنے والے فلسطینیوں کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی تھی۔

فلسطینی عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں برقہ میں ہوئیں جہاں اسرائیلی فوجی 2005 میں خالی ہونے والی ایک پرانی بستی میں اسرائیلی آباد کاروں کی حفاظت کے لیے پہنچے تھے۔

فلسطین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی حکومت کو فلسطینی عوام پر مجموعی اسرائیلی جارحیت کا مکمل اور براہ راست ذمہ دار ٹھہراتی ہے۔

وزارت نے ایک پریس بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوجی اور آباد کار ہمارے ان لوگوں کے خلاف اپنی جارحیت کو بڑھا رہے ہیں جو کرسمس اور نئے سال کا جشن منا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں