لاڑکانہ: صدر اور وزیر اعظم دہشت گردوں کے سامنے جھک چکے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

لاڑکانہ (ڈیلی اردو) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج اے پی ایس شہدا کے خون کا سودا کیا جا رہا ہے، دہشت گردوں کے سامنے صدر، وزیراعظم جھک چکے ہیں اورڈیل کی بھیک مانگ رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی 14 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ 14 سال گزر گئے عوام آج بھی شہید بی بی کو یاد کرتے ہیں، شہید بی بی آپ کا پیارا پاکستان مشکل میں ہے۔ شہید بی بی! آپ کے پاکستان میں نام کی جمہوریت ہے۔ شہید بی بی! آج آپ کے پاکستان میں بولنے کی آزادی نہیں۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا تھا جمہوریت بہترین انتقام ہے، کبھی کوئی آر او، کبھی آر ٹی ایس الیکشن ہوتا ہے، عوام سے جمہوریت کو چھینا گیا، آج پاکستان کے عوام کٹھ پتلی، سلیکٹڈر آج بھگت رہے ہیں، نااہل حکمرانوں کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے دہشت گردوں کا مقابلہ کر کے ریاست کی رٹ کو قائم کیا تھا، فوجی سپاہیوں، پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کو شکست دی تھی، پاکستان کے بہادر عوام، بہادر فوج، بہادر پولیس نے درندوں کو شکست دی، آج اے پی ایس شہدا کے خون کا سودا کیا جا رہا ہے، دہشت گردوں کے سامنے صدر، وزیراعظم جھک چکے ہیں اور ڈیل کی بھیک مانگ رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو حقوق دیئے، این ایف سی ایوارڈ، اٹھارویں ترمیم کی وجہ سے بلوچستان میں گوادر پورٹ بن رہا ہے، این ایف سی ایوارڈ، اٹھارویں ترمیم کی وجہ سے تھر جیسے ریگستان میں میگا پراجیکٹ شروع کررہے ہیں، پنجاب میں اگر میٹرو بس بنی ہے تو این ایف سی ایوارڈ، اٹھارویں ترمیم کی وجہ سے بنی۔ پیپلزپارٹی حکومت جانے کے بعد این ایف سی، اٹھارویں ترمیم پرعمل نہیں کیا جا رہا، موجودہ حکومت صوبائی خودمختاری پر ڈاکہ مارنا چاہتی ہے، ہم ان کو خودمختاری چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ عوام آج سراپا احتجاج ہے، مسائل بڑھتے جا رہے ہیں، خان صاحب کی کٹھ پتلی حکومت جمہوریت، صوبائی خود مختاری پر یقین نہیں رکھتی۔ پیپلزپارٹی نے جب اقتدارسنبھالا تو دنیا بھرمیں معاشی بحران تھا، پیپلزپارٹی کی حکومت نے بحران کے باوجود تنخواہ، پنشن میں اضافہ کیا، انقلابی سی پیک جیسا منصوبہ شروع کیا، ایران گیس پائپ لائن منصوبہ بھی ہم شروع کررہے تھے، پیپلزپارٹی حکومت نے کسان کو اصل قیمت دی تھی۔ اگر معیشت نالائق چلاتا رہے تو پھر معاشی مشکلات میں اضافہ ہوتا رہے گا، یہ ووٹ پرڈاکہ ڈال چکے، اب پیٹ پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس کے پاس تمام مسائل کا حل موجود ہے، جیالے، عوام گڑھی خدا بخش کی طرف دیکھ رہے ہیں، عوام دیکھ رہے ہیں کون آ کر شہید بھٹو کے خواب کو مکمل کرے گا، ہم پاکستان کے عوام کی بے بسی، پریشانی نہیں دیکھ سکتے، بی بی شہید کے جیالے ہی اس ملک کو بچا سکتے ہیں، جیالے تیاری پکڑیں اپنے بل بوتے پرکٹھ پتلی کا مقابلہ کریں گے، اگر کوئی کٹھ پتلی کواٹھا کرباہرپھینک سکتی ہے تو پیپلز پارٹی ہے۔

حکومت کیخلاف احتجاج کے سلسلے سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے مل کر جدوجہد کرنی ہے، ملک کے کونے، کونے تک پیپلزپارٹی کا پیغام پہنچانا ہے، جن گھروں پر پیپلزپارٹی کے پرچم تھے وہاں دوبارہ پرچم کو لہرانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں