وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید 3 روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے

تہران (ڈیلی اردو) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد تین روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے ہیں، تہران ایئر پورٹ آمد پر ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رفعت مسعود نے وزیر ریلوے کا استقبال کیا۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید ایرانی حکومت کی خصوصی دعوت پر قازوین، رشت ریلوے روٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے تہران پہنچے ہیں۔

افتتاحی تقریب کل 6 مارچ کو منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی ایرانی صدرحسن روحانی ہونگے جبکہ میزبان ایرانی صدر ہیں۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو تقریب میں شرکت کا خصوصی دعوت نامہ ایران کے وزیر روڈ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ محمد اسلامی نے دیا تھا۔

وزیر ریلوے اپنے دورے کے دوران ایرانی صدر حسن روحانی اور وزیر روڑ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ محمد اسلامی سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔

وزیر ریلوے ایرانی صدر حسن روحانی کو وزیراعظم پاکستان عمران خان جبکہ ایرانی روحانی پیشوا آیت اللہ سیّد علی خامنائی کو صدر پاکستان عارف علوی کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے۔

شیخ رشید احمد پاکستان اور ایران کے درمیان ریل نیٹ ورک کی بہتری اور شراکت داری کے حوالے سے متعلقہ اداروں سے بات چیت کریں گے اور ایرانی قیادت کو پاک بھارت کشیدگی اور عالمی برادری سے رابطوں کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں