وزیراعلی خیبر پختونخوا نے جدید سہولیات سے آراستہ برن اینڈ ٹراما سنٹر کا افتتاح کر دیا

پشاور (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر حشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت اور پارٹی کی اولین ترجیح ہے کہ عوام کو صحت کی سہولیات بروقت اور آسان طریقے سے پہنچائیں اس مقصد کے لئے وہ اور ان کی ٹیم دن رات کام کر رہی ہے اور محکمہ صحت کے تمام اداروں اور نظام میں بہتری لانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ وہ وقت اب دور نہیں جب خیبرپختونخوا کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہوں گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار حیات آباد پشاور میں نئے قائم شدہ برن اینڈ ٹراما سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمودخان مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر صوبائی وزیر مواصلات سمیت صوبائی اسمبلی کے ممبران اور دوسرے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ بر ن اینڈ ٹراما سنٹر جو کہ پورے پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہے۔

خیبر پختونخوا کے عوام سمیت دور دراز علاقوں، ملک کے دوسرے حصوں اور افغانستان کے مریضوں کو بھی خدمات فراہم کرے گا۔ وزیر صحت نے کہا کہ مذکورہ سنٹر ٹیلی میڈیسن اور ویڈیو کانفرنسنگ کی سہولت سے آراستہ ہے اور اس سہولت کی بدولت اس سنٹر کی کارکردگی اور خدمات سے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی لوگ فائدہ اٹھا سکیں گے اس نظام کے تحت یہ ادارہ دنیا کے جدید ممالک کے برن سنٹر اور دوسرے اداروں کے ساتھ منسلک ہوگیا ہے جس کی بنیاد پر یہاں کی خدمات سے دور دراز کے علاقے کے لوگ بھی فائدہ اٹھا سکیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں