عراق: فضائی حملے میں داعش کے 4 دہشت گرد ہلاک

بغداد (ڈیلی اردو/شِنہوا) عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں واقع صوبہ صلاح الدین میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں شدت پسند گروہ داعش کے 4 عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔

عراقی افواج کے کمانڈر انچیف کے ترجمان یحییٰ رسول نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ عراقی طیاروں نے صوبے کے شمالی حصے میں واقع پہاڑی سلسلے ماخول میں قائم ٹھکانے پر فضائی حملے کیے، جس میں 4 جنگجو مارے گئے ہیں۔

ایسے صوبے جو اس سے قبل عسکریت پسندوں کے قبضے میں تھے وہاں داعش کے عسکریت پسندوں کا خاتمہ کرنے کیلئے بار بار عسکری کارروائیوں کے باوجود گزشتہ کچھ مہینوں کے دوران داعشی عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں میں شدت آ گئی ہے۔

عراقی فورسز کی جانب سے 2017 میں داعش کو شکست دینے کے بعد سے عراق میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ تاہم شہری مراکز، صحراؤں اور ناہموار علاقوں میں پھیلی داعش کی باقیات کی جانب سے سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں کیخلاف متواتر گوریلا حملے کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں