ایبٹ آباد میں حساس ادارے کی کارروائی، تحریک طالبان پاکستان کے 2 اہم دہشتگرد گرفتار

مانسہرہ (ڈیلی اردو) حساس اداروں نے ایبٹ آباد سے تحریک طالبان کراچی کے دو اہم دہشتگرد گرفتارکرلئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حساس اداروں نے خیبرپختونخوا میں ضلع مانسہرہ کے شہر ایبٹ آباد میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دو اہم دہشتگرد گرفتار کرلئے، دونوں دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان کراچی کے کرائم کنٹرول کمیٹی سے ہے، گرفتار دہشتگردوں میں شاکر اللہ تورغر ضلع مانسہرہ اور عبدالرحیم کا تعلق ضلع سوات کے علاقے مٹہ سے ہے۔

گرفتار دہشتگرد کراچی میں رینجرز اور پولیس پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، دھماکوں، ڈکیتیوں سمیت دیگر سنگین کارروائیوں میں مطلوب ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے دہشتگرد قصبہ موڑ پولیس موبائل حملہ، منگھو پیر پولیس پر فائرنگ سمیت ایم سی بی بینک، کٹی پہاڑی ڈکیتی، قصبہ کالونی ،امام بارگاہ حملہ، میٹرو سینما کے قریب کاکا سواتی کی ٹارگٹ کلنگ، سیاسی ورکرز کی ہلاکتوں میں بھی ملوث ہیں جبکہ دہشت گرد محفوظ عرف بھالو گینگ وار حملے اور پراچہ ہسپتال گرنیڈ حملہ میں بھی ملوث ہے۔

گرفتار دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے مزہد اہم انکشافات متوقع ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں