کرم میں سرحد پار سے چیک پوسٹ پر حملہ، 5 پاکستانی فوجی ہلاک، 4 زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) پاک افغان سرحد کے قریب واقع صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں سرحد پار سے دہشت گردوں کے حملے میں پاکستانی فوج کے پانچ اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ہفتے کی شام کو افغانستان کے صوبہ خوست سے لوئر کرم کے قریب سرحدی علاقے شورکو میں قائم پاکستانی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے خود کار ہتھیاروں سے حملہ کیا، سیکیورٹی فورسز نے حملے کو ناکام بناتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں کئی شدت پسند ہلاک جبکہ پانچ پاکستانی فوجی ہلاک اور چار فوجی زخمی ہوگئے، زخمی اہلکاروں کو طبی امداد دینے کے لیے فوری طور پر قریبی ہسپتال پہنچا دیا گیا جبکہ علاقے میں موجود دیگر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا کر دیا۔

ہلاک اہلکاروں کی شناخت لانس نائیک عجب نور، سپاہی ضیا اللہ، ناہید اقبال، سمیر اللہ اور ساجد علی کے نام سے ہوئی۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

واضح رہے کہ قبائلی علاقوں میں گزشتہ کچھ ماہ سے دہشتگردی کے واقات میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں