بھارتی آبدوز پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہوئی تو تباہ کر دیں گے: وزیردفاع پرویز خٹک

اسلام آباد (ڈیلی اردو) بھارتی آبدوز اب بھی پاکستانی حدود کے قریب موجود ہے وزیر دفاع نے بھارتی آبدوز کو تباہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

بھارتی آبدوز گہرے پانیوں میں اب بھی موجود، وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ اب بھارتی آبدوز ہماری سمندری حدود میں داخل ہوئی تو تباہ کر دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِدفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ بھارتی آبدوز گہرے پانیوں میں ہے اگر ہماری حدود میں آئی تو تباہ کر دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارتی ہوائی حملے کو روکنے کے لیے ایف سولہ طیارے استعمال نہیں کیے، اس حوالے سے بھارت کافی دنوں سے دعویٰ کر رہا ہے کہ بھارتی فضائیہ نے پاکستان کا ایف سولہ طیارہ مار گرایا ہے لیکن بھارت ابھی تک اس کا کوئی ثبات نہیں دے سکا۔

وزیر دفاع نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کے پاک فوج ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت چوکنہ ہے اور کسی بھی جارحیت کا موثر جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو اسکا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے بھارتی طیاروں کو مار گرانے پر پاک فوج اور پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر دفاع نے بتایا کہ بھارتی آبدوز ابھی پاکستانی حدود میں نہیں ہے لیکن ہم پاکستانی سرحد کے پاس گہرے پانیوں میں اس کی موجودگی سے آگاہ ہیں اگر وہ آبدوز ہماری حدود مین آئی تو ہم اسے تباہ کر دیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی آبدوز نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جسے پاکستان کی بحری افواج نے ناکام بنا دیا تھا۔ پرویز خٹک نے دشمن کے خلاف تمام اپوزیشن کی یکجہتی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے تمام پاکستانی ایک ساتھ کھڑے ہیں اور دشمن کی کسی بھی سازش کو ناکام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں