9

بھارتی ڈوزیئر میں شامل مسعود اظہر کے بیٹے حماد اظہر اور بھائی مفتی عبدالرئوف سمیت 44 افراد گرفتار

اسلام آباد + راولپنڈی + کراچی ( ڈیلی اردو، نیوز ایجنسیاں) حکومت نے کالعدم تنظیموں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 44 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، گرفتار افراد میں جیش محمد کے بانی مولانا مسعود اظہر کے بیٹے حماد اظہر اور بھائی مفتی عبدالرئوف بھی شامل ہیں جن کام نام بھارتی ڈوزئیر میں بھی ہے

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور سیکریٹری داخلہ میجر (ر) سلیمان خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مذکورہ اقدام کے حوالے سے تصدیق بھی کی، سیکریٹری داخلہ کے مطابق پاکستان نے وزارت خارجہ کے توسط سے ڈوزئیر میں شامل افراد کیخلاف بھارت سے شواہد مانگے ہیں، حفاظتی تحویل میں لیے گئے افراد کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں، ثبوت ملے تو مزید کارروائی ہوگی اور اگر ثبوت نہ ملے تو حراست میں لیے گئے افراد کی نظر بندی ختم کردی جائیگی۔

سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاونڈیشن کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ ہوچکا اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن وزارت داخلہ جاری کریگی، وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے اور ہمارا یکشن 2 ہفتے جاری رہے گا، پاکستانی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے اور کوئی دوسرا ملک دخل اندازی نہیں کر سکے گا، یہ پاکستان کا اپنا فیصلہ ہے اور کسی کے دبائو میں آکر نہیں کررہے۔

دوسری جانب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اٹھارٹی (نیکٹا) کی جانب سے ملک بھر میں68 تنظیموں کو کالعدم قرار دیدیا گیا۔ جبکہ 5۔ہزار سے زائد بینک اکاؤنٹس کو منجمد کر دیا گیا۔ نیکٹا۔نے وزارت داخلہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کی روشنی میں لسٹ جاری کی ہے۔جسکے مطابق جماعت الدعوۃ اور اسکی فلاحی نتظیم فلاح انسانیت فائونڈیشن سمیت4تنظیموں کا نام واچ لسٹ میں رکھا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کو لاگو کرنے کے حوالے سے وزارتِ داخلہ میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کالعدم تنظیموں کے رہنمائوں اور کارکنان کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

بیان میں یہ بتایا گیا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے دوران بھی ایکشن پلان کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے رہنمائوں اور کارکنان کو اصلاحی حراست میں لینے کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

شہر یار آفریدی نے کہا کہ حماد اظہر اور مفتی عبدالرئوف کے نام انڈیا کی طرف سے پاکستان کو بھیجے گئے ڈوزئیر میں شامل ہیں۔اگر 14 فروری کو ہونے والے پلوامہ حملے میں ملوث ہونے سے متعلق انڈیا نے ان دونوں افراد کے ملوث ہونے کے بارے شواہد پیش کیے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہورہی ہے، ہم کسی دبا ئومیں یہ کارروائی نہیں کررہے اور یہ کارروائیاں دو ہفتوں تک جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کسی بھی شخص کو پاکستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔کوئی بھی قوت پاکستان کے نجی معاملات میں مداخت نہیں کر سکے گی، پیشگی اقدام کے تحت اپنی ذمہ داری ادا کررہے ہیں، کسی دبا ئوکے تحت نہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں