اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کی ملاقات

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان سے جمعرات کو مائیکرو سافٹ کے بانی اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل بل گیٹس کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے اور اطلاعات کے مطابق وہ آج شام کو ہی واپس چلے جائیں گے۔

اسلام آباد پہنچنے کے بعد بل گیٹس نے انسدادِ پولیو پروگرام کے مرکز کا دورہ کیا جہاں انہیں پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد بیگ نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔

بل گیٹس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے اور اس سال ملک میں پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

بل گیٹس نے پولیو کی روک تھام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس سے قبل ستمبر 2019 میں مائیکروسافٹ کے بانی نے نیویارک میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان کو احساس پروگرام پر عمل درآمد کے لیے 20 کروڑ ڈالر فراہم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان گزشتہ تین برس کے دوران کئی بار ٹیلی فون پر بات چیت ہوتی رہی ہے جس میں انسداد پولیو، کرونا وائرس سے نمٹنے اور غربت کے خاتمے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جاتا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں