وزیراعلیٰ بلوچستان نے پبلک فائنا نشل مینجمنٹ ریفارمز یونٹ کے قیام کی منظوری دیدی

کوئٹہ (ڈیلی اردو) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے محکمہ خزانہ میں پبلک فائنانشل مینجمنٹ ریفارمز یونٹ کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔

یہ منظوری انہوں نے پی ایف ایم آر سٹریٹیجی اور ایکشن پلان کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران دی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات ، سیکریٹری خزانہ اور دیگر حکا م بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ خزانہ فرخ عتیق کی جانب سے وزیراعلیٰ کو منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے وسائل میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ان وسائل کے بہترین مصرف کو یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہیں، اس کے لئے ضروری ہے کہ فائنانشل مینجمنٹ کے نظام کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے ذریعہ مالی نظم ونسق بہتر بنانے اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اس شعبہ کے اہلکاروں کی استعدادکار میں اضافے کی جانب خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور یقیناًپی ایم ایف آر یونٹ کا قیام اس جانب ایک اہم پیشرفت ثابت ہوگا۔

یونٹ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ڈائریکٹر کی سربراہی میں قائم کئے جانے والے یونٹ میں سات ریفارم یونٹ کام کریں گے، یونٹ مختلف اسٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے اصلاحاتی اسٹریٹیجی کی تیاری اور عملدرآمد میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔

یونٹ ٹیکس پالیسی اینڈ ریفارمز، ڈیٹ مینجمنٹ انوسٹمنٹ اینڈ رسک اسسمنٹ، بجٹ ، آڈٹ، پنشن آٹومیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اصلاحاتی تبدیلیوں کی راہ ہموار کرکے ان شعبوں میں بہتری لائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں