بلوچستان: تربت میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، کمانڈروں سمیت 7 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے ضلع تربت میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 کمانڈروں سمیت 7 دہشت گرد مارے گئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے گورچوپ اور تربت میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جو دہشت گردوں کے ٹھکانے کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور سیکیورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے تبادلے میں کمانڈر حاصل ڈوڈا اور کمانڈر واشدل سمیت 7 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے اپنے کیمپ سے فرار ہونے کی کوشش کی، فرار ہوتے وقت دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر بلا اشتعال فائرنگ شروع کر دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا، یہ اسلحہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔

آئی ایس پی آر  کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، دہشتگردوں کو بلوچستان کے امن و استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں