راولپنڈی (ڈیلی اردو) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر نے ملاقات کی اور پاک بھارتی کشیدگی سمیت مختلف امور پر بات چیت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر پاک فوج کے ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) پہنچے جہاں انہوں نے آرمی چیف سے ون آن ون ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی، علاقائی سیکیورٹی، خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، سعودی وزیر نے علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر مملکت نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ کیا جب کہ آرمی چیف نےانتہائی مشکل حالات میں امن کی کوشش پر سعودی وزیر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہمیشہ سے پاکستان کا سچا دوست ثابت ہوا ہے۔ قبل ازیں سعودی وزیر مملکت نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کی تھیں