اسلام آباد سے تحریک طالبان پاکستان کے 4 دہشت گرد گرفتار، بارودی مواد برآمد

اسلام آباد (ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) اور حساس اداروں نے پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بڑی تباہی سے بچالیا اور کارروائی کے دوران سیاسی جلسے پر دہشت گردی کامنصوبہ بنانے والے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد بڑی تباہی سے بچ گیا، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کی اور کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک فرار ہوگیا۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے سیاسی جلسے پر دہشت گردی کا منصوبہ بنا رکھا تھا، دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سوات گروپ سے ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محسن علی، محمد اسماعیل، غفران خان اور محمد شہزاد کے ناموں سے ہوئی ہے

حکام نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں سے 5 کلو دھماکا خیز مواد، بارودی مواد، بال بیرنگ اور ڈیٹونیٹرز بھی برآمد ہوئے ہیں۔ دہشت گردوں نے افغانستان سے ٹریننگ حاصل کی ہے۔

گرفتار دہشت گردوں کو مزید تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

پاکستان مونومنٹ جنگل ایریا شکرپڑیاں سے گرفتار کئے گئے 4 دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ دہشتگردی کی دفعات کے تحت تھانہ سی ٹی ڈی اسلام آباد میں درج کیا گیا۔

یاد رہے خیبر پختوںخوا کے ضلع لکی مروت میں تھانہ درہ پیزو کی حدود شیری خیل کے قریب خفیہ اطلاع پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ سرچ آپریشن میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک دہشت گرد سید زمان زخمی ہوگیا، جس کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں