ممبئی (ڈیلی اردو) معروف اداکار سلمان خان کی کانگریس میں شمولیت کی خبریں زیرگردش ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان دنوں بالی ووڈ اداکار سلمان خان سے متعلق بھارتی میڈیا میں خبریں زیر گردش ہیں کہ وہ آئندہ ہونے والے الیکشن میں مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مدمقابل الیکشن لڑنے کے لئے سیاسی جماعت انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔
کانگریس جماعت سے تعلق رکھنے والی ایک شخصیت نے سلمان خان کی پارٹی میں شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان ان دنوں ریاست مدھیا پردیش میں ہیں اور عین ممکن ہے کہ اداکار ریاست سے الیکشن لڑنے کے لئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں جس کے بعد وہ پارٹی کے لئے مہم بھی چلائیں گے۔
دوسری جانب مدھیا پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کا کہنا تھا کہ سلمان خان سیاحت کی فروغ کے لئے مدھیا پردیش آئے ہیں اور اس حوالے سے میری اُن سے بات بھی ہوئی تھی اور ریاست کے لئے کچھ شراکت داری کی گزارش کی گئی تھی جس پر انہوں نے فوری حامی بھر لی تھی۔
واضح رہے کہ انڈین نیشنل کانگریس میں اداکار کی شمولیت کے حوالے سے اب تک سلمان خان اور کانگریس کی جانب سے با ضابطہ طور پر کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔