یوکرائن کی 17 ملٹری تنصیبات پر روسی میزائل حملے، 200 فوجی ہلاک، 23 بکتر بند تباہ

ماسکو (ڈیلی اردو/این این آئی) یوکرائن کی جانب سے اپنے ہی علاقے خیرسون کے قریب شدید بمباری کی گئی، جس میں متعدد شہری ہلاک ہوگئے۔

روسی میڈیا کے مطابق روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یوکرائن نے خیرسون کے قریب ایک سے زائد گاؤں میں شیلنگ کی، جس میں متعدد شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔ وزارت نے اس سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی کہ کتنے لوگ ہلاک یا زخمی ہوئے، یا گولہ باری کب ہوئی۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق یوکرینی فورسز نے سکول، کنڈر گارٹن اور قبرستان پر گولہ باری کی ہے۔
وزارت دفاع کے مطابق میزائل حملوں میں 200 فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ 17 ملٹری تنصیبات اور 23 بکتر بند گاڑیاں تباہ کردی گئی ہے۔

دوسری جانب یوکرین کے شہر ماریو پول کے سٹیل پلانٹ میں محصور 20 افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ ترک صدارتی ترجمان ابراہین کالن نے گزشتہ روز یوکرین کے دارالحکومت کیف میں یوکرائنی صدر زیلنسکی سے ملاقات کی ہے۔

ترکی ماسکو اور یوکرائن کے درمیان ثالثی کے لیے استنبول میں مذاکرات کی میزبانی کر چکا ہے، ترک صدر اردگان بذات خود روس و یوکرین کے صدور کے درمیان استنبول میں ایک اجلاس کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

برطانوی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ روس، سوشل میڈیا پر یوکرین میں جاری جنگ کے حوالے سے غلط معلومات پھیلانے کے لیے ٹرول فیکٹری کا استعمال کر رہا ہے اور برطانیہ، جنوبی افریقہ سمیت متعدد ممالک کے سیاستدانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں