8

کراچی میں زیر تعمیر عمارت کی لفٹ گر گئی، 5 مزدور جاں بحق

کراچی (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں زیر تعمیر عمارت میں لفٹ گرنے سے 5 مزدور جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں زیر تعمیر عمارت میں تعمیراتی لفٹ گرگئی، حادثے میں 5 مزدور جان کی بازی ہار گئے۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق واقعہ تعمیراتی لفٹ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا، مزدور زیر تعمیر عمارت میں شیشہ لگانے میں مصروف تھے۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق کراچی میں زیر تعمیر عمارت سے گرنے سے جاں بحق ہونے والے 5 مزدروں کی شناخت 39 سالہ عبد الرحمن ولد محمد اسرار ، 21 سالہ محمد اسد ولد سلیم الدین، 32 سالہ فیصل اسلام ولد اسلام خان، 29 سالہ ریاض خان ولد دلروز خان اور 30 سالہ ناصر ولد شمشاد کے ناموں سے ہوئی۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن (جنوبی) طارق دھاریجو کا کہنا تھا کہ واقعہ افسوسناک ہے، قتل بے سبب ہے، ریاست کی جانب سے مقدمے کا اندراج کیا جائے گا۔

طارق دھاریجو نے کہا کہ موقع پر کوئی بھی موجود نہیں، سب لوگ موقع سے فرار ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جبکہ شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔

کمشنر کراچی افتخار علی شلوانی نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں، بلڈرز سے پوچھ گچھ بھی کی جائے گی، انہوں نے تصدیق کی کہ واقعے میں 5 مزدور جاں بحق ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد عمارت اور اطراف کے علاقے کو بند کردیا گیا ہے جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے حکام کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں زیر تعمیر عمارت کو ڈی سی نے سیل کردیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بوٹ بیسن میں زیرتعمیر عمارت میں لفٹ گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے مزدوروں کے جاں بحق ہونے پرگہرے دکھ کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ عمارت کی تعمیرکی کوالٹی کو کون مانیٹرکررہا تھا، کوئی زخمی ہے تو فوری علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں