میانوالی کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ زخمی

میانوالی (نمائندہ ڈیلی اردو) پاکستانی فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران صوبہ پنجاب کے ضلع میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔

ترجمان نے بتایا کہ زمین پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

انہوں نے بتایا کہ ایئر ہیڈ کوارٹرز نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ایئر فورس کے تربیتی طیارے گرنے کے واقعات ماضی قریب میں بھی پیش آچکے ہیں جن میں درجنوں پائلٹس ہلاک ہوچکے ہیں۔

22 مارچ 2022 کو پشاور کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا اور طیارے میں موجود دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران پشاور کے قریب گر کر تباہ ہوگیا اور دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے۔

گزشتہ سال پاک فضائیہ کا ایک چھوٹا تربیتی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران مردان کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ برس اگست میں پنجاب کے ضلع اٹک کے نزدیک پاک فضائیہ کا تربیتی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا تھا کہ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اس دوران حادثہ پیش آیا تاہم دونوں پائلٹ جہاز سے بحفاظت اترنے میں کامیاب رہے تھے اور زمین پر بھی کسی قسم کا نقصان رپورٹ نہیں ہوا تھا۔

ستمبر 2020 میں بھی اٹک کے علاقے پنڈی گھیپ میں پاک فضائیہ کا ایک طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا، تاہم پائلٹ بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب رہا تھا۔

قبل ازیں 11 مارچ 2020 کو اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم ہلاک ہوگئے تھے۔

اس ضمن میں ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا تھا کہ پی اے ایف کا ایف-16 طیارہ 23 مارچ پریڈ کی ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں