ڈیرہ بگٹی: سوئی گیس فیلڈ پیوریفکیشن پلانٹ میں آتشزدگی، 3 انجینئرز سمیت 4 افراد جھلس گئے

کوئٹہ (ڈیلی اردو) بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں سوئی گیس فیلڈ پیوریفیکیشن پلانٹ میں لگی آگ بجھا دی گئی۔ حادثے میں نجی گیس کمپنی کے تین انجینئر سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔

لیویز کے مطابق واقعہ رات دو بجے اس وقت پیش آیا جب سوئی نادرن گیس کمپنی کے کنٹرول وال میں فنی خرابی کے باعث آگ لگی اور گیس فیلڈ پیوری فیکیشن پلانٹ سے منسلک پائپ لائن کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

دیکھتے ہی دیکھتے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔ آگ کی شدت کو دیکھ کر مقامی آبادی کو فوری طور پر حفاظت کی خاطر نکال لیا گیا۔کمپنی کے انجینئرز اور عملے نے موقع پر پہنچ کر منی کمپریسر اور پائپ لائن کو گیس کی سپلائی بند کی اور کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا ، آگ پر قابو پانے میں ضلعی انتظامیہ اور لیویز نے بھی حصہ لیا۔

تاہم آگ بجھانے کے عمل کے دوران کمپنی کے تین انجینئر سمیت چار افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے پی پی ایل اسپتال پہنچایا گیا۔ زخمیوں میں محمد خان، قمبر خالد، خالد اور رؤف شامل ہیں۔

ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ آگ کمپریسر پلانٹ کو گیس فراہم کرنے والے نیوزلز میں لگی اور اس نے مین پائپ لائن کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ گیس پائپ لائنیں بوسیدہ ہو چکی تھیں ، طویل عرص سے مرمت نے نہ ہونے کے سبب ان میں سے گیس لیک کر رہی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں