سیالکوٹ: بھارت نے غلطی سے سرحد پار کرنے والا 70 سالہ پاکستانی کسان واپس کر دیا

ظفر وال (ڈیلی اردو) بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) اہلکاروں نے بھینسوں کے لیے چارہ جمع کرتے ہوئے غلطی سے سرحد پار کرنے والے 70 سالہ پاکستانی کسان کو جذبہ خیر سگالی کے طور پر واپس بھیج دیا۔

پنجاب رینجرز کے مطابق بھارتی بی ایس ایف نے ظفر وال سیکٹر میں لہری پوسٹ پر ہونے والے اجلاس میں جذبہ خیر سگالی کے طور پر کسان کو واپس کیا، بعد ازاں پنجاب رینجرز نے ضعیف شخص کو اس کے اہل خانہ سے ملوایا۔

ظفر وال تحصیل کے گاؤں بھوئی وال کے رہائشی محمد اشرف اپنی بھینسوں کے لیے چارہ کاٹ رہے تھے کہ انہوں نے غلطی سے سرحد پار کی اور بھارت کے سامبا سیکٹر میں داخل ہوگئے۔

جہاں، انہیں بی ایس ایف کے اہلکاروں نے حراست میں لے لیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی ایس ایف نے پاکستانی شہری کو سامبا سیکٹر کے ذیلی سیکٹر رام گڑھ سے گرفتار کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی ایس ایف نے محمد اشرف کے کپڑوں کی تلاشی لی اور 12 ہزار روپے کی رقم قبضے میں لی۔

محمد اشرف کے اہل خانہ کے مطابق وہ معمول کے مطابق چارہ کاٹنے گئے تھے تاہم شام کو واپس نہیں آئے، جس پر انہیں تشویش ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ان کو تلاش کیا تاہم ہمیں بھارتی نیوز چینل سے معلوم ہوا کہ انہیں بی ایس ایف نے گرفتار کرلیا ہے‘۔

بزرگ کے اہل خانہ نے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بوڑھے شخص کی بھارتی سیکیورٹی فورسز سے رہائی دلوانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں