ایران نے افغانستان کو گاڑیاں و فوجی ساز و سامان واپس کردیا

کابل (ڈیلی اردو) ایرانی حکام نے گزشتہ اگست میں افغانستان میں اقتدار کی تبدیلی کے دوران ایران لے جایا گیا فوجی ساز و سامان اور درجنوں گاڑیاں افغانستان کو واپس کر دی ہیں۔

افغان وزارت داخلہ نے بدھ کے روز ایک بیان میں اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان اشیاء میں 32 فوجی گاڑیاں، 17 غیر فوجی کاریں، 57 اے کے 47 اسالٹ رائفلیں، 42 مشین گنیں ، راکٹ سے چلنے والے دستی بموں کے 32 راؤنڈز اور بھاری مقدار میں گولہ بارود شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اشیاء گزشتہ روز مغربی صوبہ ہرات کے سرحدی افغان قصبے اسلام قلعہ میں افغان نگران حکومت کے سکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کی گئیں۔

گاڑیوں اور ساز و سامان کی حوالگی ایرانی سفارت کاروں اور افغان وزارت خارجہ کے حکام کے درمیان حالیہ دو طرفہ بات چیت کے تناظر میں ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں