اشتہارات کیس: یوسف رضا گیلانی سمیت ملزمان کیخلاف فردجرم 28 مارچ تک ملتوی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) احتساب عدالت میں سرکاری اشتہارات کا غیرقانونی ٹھیکہ دینے سے متعلق ریفرنس میں ملزمان انعام اکبر اور سید حسن پیش نہ ہو سکے، اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان پرفرد جرم کی کارروائی 28 مارچ تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سرکاری اشتہارات کا غیرقانونی ٹھیکہ دینے سے متعلق نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق چیئرمین پیمرا سلیم بیگ سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے تاہم ملزم انعام اکبر اور سید حسن عدالت پیش نہ ہوسکے۔

عدالتی استفسار پر بتایا گیا کہ انعام اکبر کراچی جیل میں قید جبکہ سید حسن کمر درد کے باعث سفر نہیں کرسکتے جس پر عدالت نے فرد جرم کی کارروائی 28مارچ تک موخر کردی۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس میں موقف اپنایا گیا کہ سیکورٹی خدشات لاحق ہیں روز روز پیش نہیں ہوسکتا، استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 28مارچ تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں