کراچی (ڈیلی اردو) پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز کے کپتان فخرزمان نے 53 رنز بنا کر بڑا مجموعہ ترتیب دینے کی کوشش کی لیکن دیگر بلےباز ان کا ساتھ نہ دے سکے، ویسلز 27 کے مجموعے پر صرف 4، سہیل اختر5، حارث سہیل 7 اور سعد علی 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ڈیوڈ ویز نے 30 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد گونارتنے صرف 12 رنز کا اضافہ کرپائے۔
لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔سلطانز کی جانب سے محمد عباس نے سب سے زیادہ 3 اور شاہد آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان سلطانز نے پراعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا گوکہ پہلی وکٹ 20 رنز پر گری تھی جب 13 رنز پر کھیلنے والے عمر صدیق کو فخرزمان نے رن آؤٹ کیا۔
سلطانز کی دوسری وکٹ 70 رنز پر گری جس کے بعد شان مسعود اور چارلس نے اسکور کو 123 رنز تک پہنچایا لیکن شان مسعود کو ڈیوڈ ویز نے صرف دو رنز کے فرق سے نصف سنچری مکمل کرنے کا موقع نہیں دیا اور 48 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔چارلس اور شاہد آفریدی نے مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دیا اور 13 ویں اوور کی تیسری گیند پر 141 رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلادی
۔سلطانز کے چارلس 41 اور آفریدی 3 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ملتان سلطانز نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرکے فتح حاصل کرلی۔