اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیر خارجہ سے امریکہ کے مشیر قومی سلامتی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، شاہ محمود قریشی نے جان بولٹن کو بھارتی جارحانہ عزائم کے ممکنہ خدشات سے آگاہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکی مشیر برائے سلامتی جان بولٹن کی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے، اس موقع پر پلوامہ واقعے کے بعد خطے میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے امریکی عہدیدار کو26فروری کو جانے والی بھارتی جارحیت کی تفصیلات کے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ دراندازی یو این چارٹر کے بھی منافی تھی، بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کا بھرپور جواب اپنے دفاع میں تھا، ہم خطے میں امن و امان کے خواہاں ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو واپس بھجوایا، پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود مشاورت کے بعد بھارت واپس پہنچ چکے ہیں،14مارچ کو کرتار پور راہداری معاہدے کیلئے وفد بھارت جارہا ہے۔
ٹیلی فون پر ہونے والی اس گفتگو میں ایمبیسڈر جان بولٹن نے امن کیلئے پاکستان کے مؤثر اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو شمالی کوریا کی قیادت سے اہم مذاکرات میں مصروف تھے اس کے باوجود اس تمام صورتحال میں پاک بھارت قیادت سے رابطے میں رہے۔
انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وزیر خارجہ نے بھارتی جارحانہ عزائم کے ممکنہ خدشات سے آگاہ کیا، ایمبیسڈر جان بولٹن نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مؤثر کردار کی تعریف کی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔