پاکستان میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) دنیا بھر کے کئی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی آج عید قربان کی خوشیاں عروج پر ہیں۔ لوگ نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں۔

دنیا بھر کے کئی ممالک کی طرح پاکستان، بھارت اور بنگلا دیش میں بھی آج مسلمان عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں۔ یہ مذہبی تہوار حضرت ابراہیم کی جانب سے خدا کی راہ میں قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

پاکستان میں آج کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات کی مساجد، عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔

عید کے اس پر مسرت موقع پر پاکستانی سیاستدانوں اور عوامی شخصیات نے بھی اپنے ٹوئیٹس کے ذریعے عوام کو عید کی مبارک باد دی اور اپنے سوشل میڈیا پر عید کے حوالے سے مختلف پیغامات لکھے۔

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے پیغام میں پوری پاکستانی قوم کو عید کی مبارک باد کے ساتھ ساتھ کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی تلقین بھی کی۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عیدالاضحٰی کے مبارک موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالمِ اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نماز عید گڑھی خدا بخش میں ادا کی اور نماز ادا کرنے کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر پر بھی پوسٹ کی جس میں انہیں وزیر اعلی سندھ اور سیاسی رہنما سید قائم علی شاہ کے ساتھ عید کی نماز ادا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے اپنے ٹوئیٹ میں دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارک باد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کی۔

واضح رہے کہ عید الفطر کے بعد عید قربان مسلمانوں کا ایک اہم مذہبی تہوار ہے جو حضرت ابراہیم کی جانب سے خدا کی راہ میں قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ عید الاضحیٰ ہجری سال کے آخری مہینے ذی الحج کی دس تاریخ کو منایا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں