پنجاب ضمنی الیکشن: پی ٹی آئی کو واضح برتری، مسلم لیگ (ن) نے شکست تسلیم کر لی

لاہور (ڈیلی اردو/وی او اے) پاکستان کے صوبے پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کو واضح برتری حاصل ہو گئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے انتخابات میں شکست کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ریزلٹ مینجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس) کے مطابق 3131 پولنگ اسٹیشن میں سے 1672 کے نتائج موصول ہو گئے ہیں جن میں پاکستان تحریکِ انصاف کو برتری حاصل ہے۔

آر ایم ایس کے مطابق 1672 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق تحریکِ انصاف کے اُمیدواروں کو 47.3 فی صد جب کہ مسلم لیگ (ن) کے اُمیدواروں کو 38.7 فی صد ووٹ ملے ہیں۔

آزاد اُمیدواروں کو 8.3 فی صد جب کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو 5.3 فی صد ووٹ ملے ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 1672پولنگ اسٹیشنز میں ووٹنگ ٹرننگ آؤٹ 48.08 فی صد رہا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں میں سے 17 نشستوں پر تحریکِ انصاف کے اُمیداروں کو برتری حاصل ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے شکست تسلیم کر لی

مسلم لیگ (ن) کی نائب صد ر مریم نواز شریف نے انتخابات میں شکست تسلیم کرتے ہوئے ٹویٹ کی ہے کہ بڑے دل کے ساتھ عوام کے فیصلے کے سامنے سر جھکانا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں کمزوریاں ہیں، ان کی نشان دہی کر کے اُنہیں دُور کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے انتخابات میں شکست کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ تحریکِ انصاف کو تاریخی کامیابی ملی ہے۔

نجی نیوز چینل ‘جیو’ سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی شکست کی وجوہات کا جائزہ لیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ ضمنی انتخابات شمالی، جنوبی اور وسطی پنجاب میں ہوئے اور ہمیں وہاں شکست ہوئی، لہذٰا ہم یہ شکست تسلیم کرتے ہیں۔

پنجاب کے 14 اضلاع میں ہونے والی پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہو کر شام پانچ بجے تک جاری رہا۔ انتخابی حلقوں میں امن و امان کی صورتِ حال کو برقراررکھنے کے لیے پولیس، رینجرز اور آرمی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

مبصرین کے مطابق ضمنی انتخابات کےنتائج نہ صرف پنجاب کی سیاست بلکہ وفاق کی سطح پر بھی اپنے گہرے اثرات چھوڑیں گے۔

تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ تحریکِ انصاف کو 15 سے زائد نشستوں پر برتری حاصل ہے۔

تحریکِ انصاف کے رہنما شہباز گل گرفتار

ادھر پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں تحریکِ انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

صوبائی وزیرِ داخلہ عطا تارڑ نے شہباز گل کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں فرنٹیئر کانسٹیبلری جیسی وردیاں پہنے گارڈز رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے موؐقف اختیار کیا کہ اُنہیں بغیر کسی وارنٹ کے گرفتار کیا گیا۔ تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی شہباز گل کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ‘ ہینڈلرز’ کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ قوم کو کتنا نقصان پہنچا رہے ہیں۔

پولنگ کے دوران تحریکِ انصاف کے رہنما ڈاکٹر شفقت محمود نے الزام عائد کیا کہ لاہور کے چاروں حلقوں میں کئی ووٹرز کے ووٹ حلقوں سے باہر منتقل کیے گئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ قانون یہ کہتا ہے کہ مستقل یا عارضی رہائش گاہوں کے علاوہ کسی ووٹر کا ووٹ کسی دوسری جگہ منتقل نہیں کیا جا سکتا۔

البتہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ان شکایات پر کوئی ردِعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ووٹنگ عمل شفاف اور پرامن ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن کے دوران نہ کوئی تھیلا چوری ہوا اور نہ ہی پولنگ عملہ غائب ہوا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی اسمبلی کے 20 حلقوں میں پولنگ اسٹیشنز کی کل تعداد 3131 ہے جن میں 676 کو انتہائی حساس، 1194 حساس قرار دیا گیا تھا جبکہ اور 1271 نارمل پولنگ اسٹیشنز ہیں۔

انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ پولیس اور رینجرز کی نفری حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر ڈیوٹی دے رہی ہے۔ جب کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی طرف سے پولنگ اسٹیشنز پر تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

بیس نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں کل ووٹرز کی تعداد 45 لاکھ 79 ہزار آٹھ سو اٹھانوے ہے جب کہ 175 امیدوار مدِ مقابل ہیں۔

لیگی ایم پی اے نے استعفیٰ دے دیا

ضمنی انتخابات سے چند گھنٹے قبل مسلم لیگ ن کے رکنِ صوبائی اسمبلی جلیل شرقپوری نے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کو اپنا استعفیٰ پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حلقے کے کارکنوں سے مشورے کے بعد وہ ضمنی الیکشن سے پہلے اپنا استعفیٰ دے رہے ہیں۔

اسپیکر پرویز الٰہی نے جلیل شرقپوری کا استعفیٰ منظور کر لیا۔

وزیرِ اعظم کی عمران خان پر تنقید

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا ووٹ ڈالتے ہوئے عمران خان کی حکومت کے پونے سال سالہ کارکردگی کو سامنے رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کا ووٹ ہی آپ کی طاقت ہے۔ اس طاقت سے انتشار، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کریں۔

واضح رہے ک یہ ضمنی انتخابات تحریکِ انصاف کے 20 منحرف اراکین کے ڈی سیٹ ہونے سے خالی ہونے والی نشستوں پر ہو رہے ہیں۔ان میں سے چار نشستیں لاہور کی ہیں جب کہ راولپنڈی، خوشاب، شیخوپورہ، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولنگر، ملتان، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، لودھراں، جھنگ، بھکر اور لیہ کے دیگر 16 حلقے بھی شامل ہیں۔

تمام حلقوں میں تحریکِ انصاف اور مسلم لیگ ن اور تحریکِ لبیک پاکستان کے امیدوار مدِ مقابل ہیں تاہم پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں