کرم میں چیک پوسٹ پر فائرنگ، ایک ایف سی اہلکار ہلاک، دوسرا زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا ‏کے قبائلی ضلع کرم میں پاک افغان سرحد سے متصل عوزگڑی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے ڈیلی اردو کو بتایا کہ یہ حملہ ہفتہ کی شب اُس وقت ہوا جب نامعلوم مسلح افراد نے کرم کی ایف سی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس سے وہاں پر تعینات لانس نائیک صابر علی موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا اہلکار زخمی ہوا۔ زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

لانس نائیک صابر علی کا تعلق کوہاٹ کے علاقے میٹھا خان سے ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ اور اردگرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

سرکاری سطح پر اس حملے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ نہ ہی ابھی تک کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں