راولپنڈی (ڈیلی ااردو) سیکیورٹی فورسز نے سی ٹی ڈی کے ہمراہ مانسہرہ میں اہم کارروائی کر کے دو خطرناک دہشت گردوں کو ان کے تین ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت سیکیورٹی نے اینٹی کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) کے ہمراہ مانسہرہ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔
مانسہرہ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دو اہم دہشتگردوں کو تین ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا۔ گرفتار دہشتگرد ہزارہ میں کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتار دہشت گردوں نے پولیس اور فوجی قافلوں پر حملے کیے جبکہ امام بارگاہ پر حملے اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو شہید کرنے میں ملوث تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے ہے