برازیلیا (نیوز ڈیسک) برازیل کے شہر ساؤپاؤلو میں واقع ایک اسکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ساؤپاؤلو میں واقع نجی اسکول میں دہشت گرد داخل ہوئے اور انہوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے بعد وہاں بھگدڑ مچ گئی۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 6 طالب علم، ٹیچرز اور دیگر عملے اور حملہ آوروں سمیت 10 افراد ہلاک ہوئے جبکہ متعدد طالب علم اور افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق ’سوازنو میں واقع ایک اسکول میں مسلح افراد نے داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کی، ہمیں جب واقعے کی اطلاع ملی تو فوری ایکشن کیا اور جوابی فائرنگ میں انہیں ہلاک کردیا‘۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب اسکول کے گراؤنڈ میں طالب علم اور عملہ ایک ساتھ موجود تھے، ہلاک اور زخمی ہونے والے اکثر طالب علم ہیں۔ اسپتال ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات پر رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 17 سے زائد ایسے بچوں اور افراد کو اسپتال منتقل کیا جن کے جسموں پر گولیاں لگی ہوئیں تھیں۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی طالب علموں کے والدین کی بڑی تعداد پریشانی کے عالم میں اسکول کے باہر پہنچی اور اپنے بچوں کو تلاش کرتی رہی، بعد ازاں سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں کسی بھی خطرے کے پیش نظر جائے وقوعہ سے پیچھے ہٹایا۔
یاد رہے کہ دسمبر 2018 میں برازیل کے شہر کیمپیانز کے چرچ میں مسلح شخص نے فائرنگ کر کے 5 افراد کو قتل کرکے خود کو گولی مار لی تھی۔