امریکا نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کردیں

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکا نے روس کو ڈرون طیارے فراہم کرنے کی پاداش میں ایران پر نئی پابندیاں عائد کردیں، جس میں بالخصوص ایرانی پاسداران انقلاب کو نشانہ بنایا جائے گا۔

امریکی وزارت خزانہ نے ایک بیان میں واضح کیا کہ امریکا، یوکرین میں فوجی آپریشن میں روس کو جنگی ڈرون فراہم کرنے میں ملوث ہونے پر ایرانی پاسداران انقلاب اور متعدد ایرانی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرے گا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پابندیاں بنیادی طور پر ایرانی پاسداران انقلاب کو نشانہ بنائیں گی، یہ ادارہ دہشت گرد تنظیموں کی امریکی فہرست میں شامل ہے، جو بنیادی طور پر ایرانی جوہری پروگرام میں اس کے کردار کی وجہ سے واشنگٹن کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کا حصہ ہے۔

اسسٹنٹ سیکریٹری برائے خزانہ جنس برائن نیلسن کا کہنا ہے کہ امریکا روس کے ساتھ ساتھ ایران کیخلاف اپنی تمام پابندیوں کو سختی سے نافذ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور ان لوگوں کو جوابدہ ٹھہرانا چاہتا ہے جنہوں نے ایران کی طرح یوکرین کیخلاف روسی جارحیت کی حمایت کا انتخاب کیا۔

امریکی پابندیوں میں ایرانی ڈرونز کی تحقیق، ترقی اور پیداوار میں شامل کئی کمپنیوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا اور ساتھ ہی ان ڈرونز کو روس منتقل کرنے کی ذمہ دار ایرانی کمپنی پر بھی پابندی عائد کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں