کابل (ویب ڈیسک) افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ ملک میں امن ممکن ہے اگر طالبان دیگر شدت پسندوں تنظیموں سے روابط ختم کردیں۔
کابل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوسکتی ہے اگر طالبان دیگر شدت پسند تنظیموں سے روابط ختم کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر میں امریکا اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات کے نتیجے میں ہونے والے معاہدے کی خبریں اگر درست ہیں تو افغانستان کے آدھے مسائل حل ہوجائیں گے اور امید ہے کہ ایسا ہی ہو۔
افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ دہشت گرد تنظیمیں مذاکرات کی آڑ میں ایک طرف تو افغانستان میں خون ریزی کو بڑھا رہی ہیں اور دوسری جانب اپنے اپنے ممالک کے مفادات کو پورا کررہی ہیں۔