جنوبی وزیرستان: پختون قوم مزید پرائی جنگ کا ایندھن نہیں بنے گی، منظور پشتین

وانا (ویب ڈیسک) لوئر وزیرستان کے سرحدی علاقے اعظم ورسک میں پختون تحفظ موومنٹ کے زیرِ اہتمام امن جلسہ منعقد ہوا۔ جس میں پیپلز پارٹی کے صدر امان اللہ، اے این پی کے آیاز وزیر اور نور زمان سمیت ہر مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

https://twitter.com/ManzoorPashteen/status/1588480196998758401?t=UalAgJp9qj-zMLuE_Kr_7A&s=19

این پی کے رہنما آیاز وزیر اور امان اللہ نے کہا کہ آعظم ورسک میں جاری بدامنی کو روکنے کے لئے پولیس اپنی آئینی ذمہ داری سنبھالے اور علاقے کے عوام کی جان و مال کو یقینی بنائے۔

 جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی ایم کے سربراہ منظور احمد پشتین نے کہا کہ میں اعظم ورسک کے عوام کو شاباش دیتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں جنگ اور بد امنی کے خلاف نکلے اعظم ورسک کے لوگوں نے اس سے قبل بھی علاقہ سے دہشت گردی ختم کرانے میں اہم کردار کیا ہے۔

انھوں نے جلسہ کے دوران اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شکست ان قوتوں کی مقدر بن چکی ہے جو پختون سرزمین پر دوبارہ جنگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ پشتون تحفظ موومنٹ نے پختون خطے میں جنگ کے خلاف شعور پیدا کیا اور آج جنگ اور بدامنی سے سارے لوگ نفرت کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کی سرزمین چین اور امریکہ کے مابین جاری رسہ کشی میں استعمال کرنے کا پلان ہے اور ہم اس پراکسی جنگ میں دوبارہ استعمال نہیں ہوسکتے، اگر یہ جنگ دوبارہ مسلط کی گئی تو پختونوں کی نسلیں تباہ ہوجائیں گی۔

 انھوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی طاقتوں کی جنگ میں کاروبار شروع کیا ہے اور اس جنگ میں دونوں بڑی طاقتوں سے پاکستان ڈالرز کے حصول چاہتا ہے۔ اگر پختونوں میں اتحاد و اتفاق ہو تو کوئی طاقت ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔

 انھوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پختون دنیا کی اصل قوت ہے کوئی بھی اس قوم کو زیر اور غلام نہیں بناسکتا۔

 انھوں نے پختونوں کی پسماندگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اکیسویں صدی میں بے روزگاری اور جہالت کی زنجیروں میں اس لئے پھنسے ہوئے ہیں کیونکہ ہم پر جنگیں مسلط رہیں۔

انھوں نے اپنے خطاب میں  وزیرستان کے عوام سے سوات کی طرح اتفاق کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں