12

ایف اے ٹی ایف کی کڑی شرائط، پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے متحرک

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر پورا اترنے کے لیے حکومت پاکستان ٹیلی کام سیکٹر کے لیے نئے رولز بنائے گی۔ موبائل فون اور پاکستان پوسٹ کی ترسیلات کا ریکارڈ رکھا جائے گا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف کا ایشیا پیسفک گروپ 25 مارچ کو پاکستان آئے گا۔ وفد کو ٹیلی کام سیکٹر اور پاکستان پوسٹ سے کی جانے والی ترسیلات کا ریکارڈ رکھنے کے لیے رولز سے آگاہ کیا جائے گا۔

حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹیلی کام سیکٹر سے رقوم کی منتقلی کا ریکارڈ اسٹیٹ بینک مرتب کرے گا جبکہ پاکستان پوسٹ کی ترسیلات کا ریکارڈ بھی اسٹیٹ بینک کو فراہم کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انعامی بانڈ کا ریکارڈ رکھنے کے لیے بھی رولز کی تیاری شروع ہو چکی ہے۔ رولز سے یہ معلوم ہو سکے گا کہ انعامی بانڈ کس کی ملکیت ہیں اور کیسے خریدے گئے۔

واضح رہے کہ ترسیلات کا مکمل ڈیٹا نہ رکھنے پر اسٹیٹ بنک نے بنکوں کو 40 کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

پاکستان اور ایف اے ٹی ایف ایشیاء پیسفیک گروپ کے درمیان مذاکرات کا شیڈول طے پا گیا، مذاکرات 26 سے 28 مارچ کو اسلام آباد میں ہوں گے۔ گروپ کو مطمئن کرنے کی صورت میں پاکستان کے لئے ایک نئے ایکشن پلان سے گزرنا پڑ سکتا ہے۔

پاکستان اور ایشیاء پیسفیک گروپ کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے تین روزہ مذاکرات کے ایجنڈا کے مطابق اجلاس میں دوسری میوچل ایوالیوایشن رپورٹ کے مسودے، منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے انتظامی اور قانونی اقدامات، پاکستان کی جانب سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لئے اب تک کئے گئے اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

ایشیاء پیسفک گروپ کے نو رکنی وفد کی سربراہی ایگزیکٹو سیکرٹری گارڈن ہک کریں گے جبکہ وفد میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کے این کولنز، امریکی محکمہ خزانہ کے جیمز پروسنگ، مالدیپ کے فنانشل انٹیلی جنس یونٹ کے اشرف عبد اللہ، انڈونیشیا کی وزارت خزانہ کے بوبی وہایو، پیپلز بینک چین کے گانگ یانگ، ترکی کی وزارت انصاف کے مصطفیٰ نیکما دین، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد الراشدان اور ڈپٹی ڈائریکٹر شینان ردر فورڈ شامل ہوں گے۔

ایشیاء پیسفک گروپ کا وفد وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ، ایس ای سی پی، ایف بی آر، ایف آئی اے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت دیگر متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں