تبدیلی سرکار نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی تیاری کرلی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) عوام کو بجلی کا ایک اور جھٹکا دینے کی تیاری کر لی گئی ہے جب کہ ڈسکوز کی مالی ضروریات پوری کرنے کیلئے بجلی کی قیمت میں 3.26 روپے فی یونٹ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق موجودہ مالی سال میں بجلی کی قیمت میں مزید 2.33 روپے فی یونٹ اضافہ متوقع ہے۔ اس کے علاوہ آئندہ ماہ میں فیوئل ایڈجسٹمنٹ کے مد میں بھی 1.23 روپیہ فی یونٹ اضافے کیلیے درخواست دی گئی ہے، درخواست کے مطابق فروری میں کل 6 ارب 68 کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی گئی اور اس پر لاگت 32 ارب 61 کروڑ رہی۔

فروری میں کوئلے پر 17.46 فیصد، فرنس آئل پر 1.68 فیصد، گیس سے 23.85 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 16.89 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

فروری کیلئے فی یونٹ بجلی فیول لاگت کا اوسط تخمینہ 3.97 روپے تھا جبکہ بجلی کی پیداوار پر فی یونٹ اوسط لاگت 5 روپے 20 پیسے رہی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر سماعت 29 مارچ کو ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں