تحریک طالبان پاکستان کا بلوچستان حملے کی ذمہ داری قبول کرنا الارمنگ ہے، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی طرف سے بلوچستان حملے کی ذمہ داری قبول کرنا الارمنگ ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں، کالعدم ٹی ٹی پی کی طرف سے ذمہ داری قبول کرنا الارمنگ ہے، ٹی ٹی پی کا حملے میں ملوث ہونا خطے کے امن کیلیے خطرناک ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان میں دہشت گردکارروائیوں میں ملوث ہے، تشویشناک بات ہے کہیں ٹی ٹی پی دوبارہ سر نہ اٹھائے، صوبوں کی سطح پر اداروں کو دہشتگردوں کے خلاف اقدامات کرنا ہوں گے، اور وفاقی محکمے صوبائی اداروں کی تمام تر معاونت کریں گے، عوام کویقین دلاتےہیں ہم دہشت گردی پر قابو پالیں گے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی نے اہم سیکیورٹی میٹنگ میں شرکت نہیں کی، ریاست ہے تو ہم سب کی سیاست ہے، صوبائی حکومتوں کو دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایسی صورتحال میں سیکیورٹی کے معاملات وفاقی حکومت کی نظر میں ہیں، صوبائی حکومتوں کی مدد کر کے ان معاملات کو بہتر بنایا جائے گا، دہشت گردوں کے خلاف جو بھی آپریشن کرنا ہوا اس میں تاخیر نہیں ہوگی، سیاسی عدم استحکام کو بھی روکنے کی کوشش کی جائے گی، مسائل آئین اور قانون کے مطابق حل کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں