آسٹریلیا میں کار سوار شخص کی مسجد میں گھسنے کی کوشش، ملزم گرفتار

برسبین (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں کار سوار جنونی شخص نے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش میں ناکامی پر مسجد کے اندر عبادت میں مصروف لوگوں کو مغلظات بکیں اور برا بھلا کہہ کر دھمکانے کی کوشش کی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی ریاست کوئنزلینڈ کی نیویلی اسٹریٹ میں واقع مسجد کے دروازے کو ٹکر مار کر ایک کار سوار نے اندر گھسنے کی کوشش کی جس میں ناکامی کا سامنا کرنے پر جنونی شخص نے مسجد کے اندر موجود نمازیوں کو مغلطات بکیں اور ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی۔

کوئنزلینڈ پولیس نے رات گئے نسل پرست جنونی نوجوان کو گرفتار کرلیا ، 23 سالہ ملزم کو ایک روز قبل بھی نشے کی حالت میں گاڑی چلانے پر حراست میں لیا گیا تھا اور 24 گھنٹے کے لیے لائسنس منسوخ کرکے عدالت میں پیش ہونے کی ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

پولیس نے نسل پرست نوجوان کو عوامی مقام اور کمیونٹی کی عمارت کو نقصان پہنچانے اور لائسنس معطل ہونے کے باوجود گاڑی چلانے کے جرم میں گرفتار کرلیا ہے۔ کار کی ٹکر لگنے سے مسجد کے دروازے اور عمارت کی دیوار کو نقصان پہنچا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں