مانچسٹر میں اسلامی سینٹر کی چھت پر خنزیر کا سر پھینک دیاگیا

لندن (ڈیلی اردو) مانچسٹر کے علاقے اسٹاک پورٹ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں اسلامی سینٹرکی چھت پر خنزیر کا سر پھینک دیا گیا۔

ہیٹن مرسی میں بیٹرسی روڈ پر ایک اسلامی کمیونٹی ٹرسٹ واقع ہے، جس میں مسجد کے ساتھ ہی کمیونٹی سینٹر بھی ہے، جہاں پر 9 دسمبر جمعہ کی رات جب لوگ باہر نکلے، تو انہوں نے خنزیر کا کٹا سر دیکھا۔

خنزیر کا کٹا ہوا سر کمیونٹی سینٹر کی چھت کے نچلے حصے پر رکھا گیا تھا، جسے آسانی سے دیکھا جاسکتا تھا، جس کے بعد پولیس کو واقعے سے متعلق آگاہ کردیا۔

کمیونٹی سینٹر کے ایک ٹرسٹی کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعے نے وہاں موجود تمام افراد کو خوف میں مبتلا کردیا ہے، جن میں بچے اور بوڑھے بھی شامل ہیں۔

محمد طیب محی الدین نے کہا کہ کمیونٹی سینٹر میں شام کے وقت کچھ لوگ جمع ہوئے تھے لیکن جب باہر نکلے، تو ایک شخص نے بتایا چھت پر خنزیر کا سر پڑا ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پولیس سے بات کی ہے اورانہیں بتایا ہے واقعے کا مقدمہ نفرت انگیز جرم کے طور پر درج کیا جائے۔

محی الدین نے واضح کیا کہ اس سے پہلے اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جبکہ گزشتہ سال ہی چوری کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ٹی وی اور چندے کا باکس چوری ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں