تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہونے کا خدشہ

لاہور (نیوزڈیسک) ملک میں پانی کے سب سے بڑے ذخیرے تربیلا ڈیم میں آئندہ ہفتے پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

تربیلا ڈیم میں ذخیرے کی سطح 1393.35 فِٹ ہے جو 1392 فٹ کی خطرناک سطح سے صرف 1.35 فٹ دور ہے۔

تاہم انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے مطابق صورتحال تشویش ناک نہیں کیونکہ ڈیم میں پانی کا بہاؤ آئندہ ماہ درجہ حرارت کے بڑھنے کے بعد برف کے پگھلنے اور جولائی کے مہینے میں مون سون سے بڑھا گا۔

ارسا کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ’ذخیرے میں جنوری کے مہینے میں بارشوں کے باعث پانی مناسب سطح تک تھا جس کے بعد ہم نے بارشوں کا پانی صوبوں کو دیا جس سے پانی میں 38 سے 32 فیصد کمی ہوئی، صوبے (پنجاب اور سندھ) نے بھی اس میں سے اپنا برابری کا حصہ لیا اور صوبوں کو جاری کیے جانے والے پانی میں اضافے کے باوجود ذخیرے میں پانی خطرناک سطح سے 1.35 فِٹ اوپر ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور جنوبی پنجاب کو گندم کی فصل کے بڑھنے کی وجہ سے پانی کی ضرورت نہیں جبکہ اتھارٹی شمالی پنجاب کو آج کل فصلوں کو پانی دینے کے لیے دریائے چناب اور منگلا ڈیم سے پانی دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’اس کے علاوہ دونوں صوبوں کو پینے اور دیگر استعمال کے لیے پانی فراہم کیا جارہا ہے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں