خانیوال میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے دو افسران ہلاک

اسلام آباد (ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال کے نزدیک دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاکستان کی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور انسپکٹر ہلاک ہوگئے۔

https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1610278006102138881?t=ZS–vYFUOOUzpdL1w6NY_Q&s=19

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حساس ادارے کے دونوں افسران خانیوال کے علاقے پیرووال بسم اللہ ہائی وے کے قریب ایک ہوٹل میں موجود تھے۔ جہاں ایک شخص اُن سے ملنے کے لیے آیا اور فائرنگ کر دی۔ ہلاک ہونے والے افسران کی شناخت نوید صادق اور ناصر عباس بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعہ کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس افسر خانیوال اور دیگر پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فائرنگ کرنے والا حملہ آور شخص فرار ہو گیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی شہزاد سلطان کے مطابق دونوں افسران ہوٹل پر کھانا کھا رہے تھے۔ اِسی دوران اُن پر فائرنگ کر دی گئی۔ جس سے دونوں افسران موقع پر ہلاک ہو گئے۔

اے آئی جی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہوٹل کی پارکنگ میں پیش آیا، ایک انسپکٹر نے بھاگ کر جان بچائی۔

ڈیلی اردو کو سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دونوں افسران پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے انسدادِ دہشت گردی یونٹ کیلئے کام کرتے تھے۔

ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس اقدامات کر رہی ہے۔ واقعہ کی تفتیش کے بعد مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے اور ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

خانیوال پولیس کے ترجمان کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر نوید صادق اور انسپکٹر ناصر عباس بٹ خانیوال میں قومی شاہراہ پر ایک ہوٹل میں موجود تھے کہ موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔

معلومات کے مطابق ہلاک ہونے والے افسر نوید صادق کو اُن کی بہتر خدمات کے عوض حکومتِ پاکستان کی جانب سے سنہ 2021 میں ستارہ شجاعت سے نوازا گیا تھا۔

https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1610312705034047488?t=kCH3z2n6qzU_EhpfQ5FSVw&s=19

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے خانیوال کے قریب فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افسروں کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ کے ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لایاجائے۔ تمام ضروری وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’خانیوال میں سی ٹی ڈی افسران پر فائرنگ کا واقعہ افسوس ناک ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری سے افسران کی ہلاکت کی رپورٹ طلب کی ہے’۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’پنجاب میں امن و امان کی صورت حال باعث تشویش ہے، حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری پیش بندی کرے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں