کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کی مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف کارروائی کی دھمکی

اسلام آباد (ڈیلی اردو/بی بی سی) کالعدم شدت پسند جماعت تحریک طالبان پاکستان نے ایک بیان میں حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کو متنبہ کیا ہے وہ ان جماعتوں کے خلاف ’ٹھوس اقدامات‘ کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔

تنظیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’کافی عرصے سے تحریک طالبان پاکستان نے کسی سیاسی پارٹی کے خلاف اقدام نہیں کیا ہےـ مگر بد قسمتی سے موجودہ حکومت کی قیادت پر معلوم نہیں امریکہ کا جادو کیسے چل پڑا کہ (وزیرِ خارجہ) بلاول بھٹو زرداری نے ٹی ٹی پی کے خلاف کھل کر اعلان جنگ کیا۔‘

بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ انھوں نے ’نہ جانے کس تصور میں امریکہ کی خوشنودی کی خاطر ٹی ٹی پی کے خلاف طبل جنگ بجا کر اپنی پوری پارٹی کو اس جنگ میں دھکیل دیاـ‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹی ٹی پی برسر اقتدار مسلط کردہ ٹولوں کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھانے پر غور کر رہی ہے۔‘

انھوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ دوپارٹیاں اپنے مؤقف پر ڈٹی رہیں تو پھران کے سرکردہ لوگوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

بیان میں عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ ’ایسے سرکردہ لوگوں کےقریب جانے سے اجتناب کریں۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں