کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے خانیوال میں آئی ایس آئی کے دو افسران کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈپٹی ڈائریکٹر نوید صادق اور انسپکٹر ناصر عباس بٹ کے ہلاکت کا مقدمہ انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی ملتان میں مقتولین کے ڈرائیور کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

درج ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد عمر خان نیازی نے حساس ادارے کے افسران پر حملہ کیا۔ دہشت گرد عمر خان نیازی چادر میں اسلحہ چھپا کر موٹر سائیکل پر آیا تھا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق قاتل فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل پر اکیلا ہی فرار ہوا۔ ایف آئی آر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمر خان نے کالعدم تنظیم کے کہنے پر حملہ کیا۔ حملے میں ڈائریکٹر نوید صادق اور انسپکٹر ناصر عباس شہید ہوئے۔

ایڈیشنل آئی جی پنجاب پولیس سلطان شہزاد نے حملہ کرنے والے دہشتگرد کی تصویر بھی جاری کر دی ہے اور ان کا بتانا ہے کہ مبینہ دہشتگرد عمر نیازی کا تعلق خانیوال کے نواحی گاؤں 32/10 آر سے ہے۔

واضح رہے کہ منگل 3 جنوری کو پنجاب کے شہر خانیوال میں مقامی ہوٹل میں نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ سے پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے انسدادِ دہشت گردی یونٹ کے 2 افسران ہلاک ہوئے، جن کی شناخت ڈپٹی ڈائریکٹر نوید صادق اور انسپکٹر ناصر عباس بٹ کے ناموں سے کی گئی۔

https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1610278006102138881?t=p-VkLKldK0kFVHpX-ZxX3Q&s=19

پولیس کے مطابق مقتولین خانیوال کے قریب ہوٹل میں کھانا کھارہے تھے کہ حملہ آور نے ان پر فائرنگ کردی۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

ترجمان ٹی ٹی پی محمد خراسانی نے دعوی کیا ہے کہ خانیوال کے پیرووال بسم اللہ ہائی وے پر تحریک طالبان پاکستان کے ایک خفیہ دستے نے آئی ایس آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ملتان نوید صادق کو ساتھی انسپکٹر ناصر بٹ کو نشانہ بناکر ہلاک کردیا ـ

اس سے قبل لشکر خراسان پاکستان نامی تنظیم نے ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں