افغانستان نے ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخی فتح حاصل کرلی

نئی دہلی (نیوز ڈیسک) افغانستان نے ٹیسٹ کرکٹ کا اسٹیٹس حاصل کرنے کے بعد اپنے دوسرے میچ میں آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے باآسانی زیر کر کے تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔

بھارت کے شہر دیرادون کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے واحد ٹیسٹ کے چوتھے روز افغان ٹیم نے 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کھیل کا آغاز کیا تو اس کا اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 29 رنز تھا اور جیت کے لیے مزید 118 رنز درکار تھے۔

پہلی اننگز میں کم اسکور پر آؤٹ ہونے والے احسان اللہ نے رحمت شاہ کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ میں ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا اور دونوں بلے بازوں نے 139 رنز کی شراکت قائم کی۔

افغانستان کی دوسری 144 کے اسکور پر گری جب سب سے زیادہ 76 رنز بنانے والے رحمت شاہ کیمرون ڈو کی گیند پر آؤٹ ہوئے ، صرف ایک رن کے اضافے کے بعد تجربہ کار کھلاڑی محمد نبی رن آوٹ ہوئے لیکن اگلی ہی گیند پر نئے بلے باز حشمت اللہ شاہدی نے چوکا لگا کر ٹیم کو تاریخی فتح دلا دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں