خیبر: جمرود میں تختہ بیگ چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 3 پولیس اہلکار ہلاک، 3 زخمی

پشاور (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے تختہ بیگ چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش حملہ میں تین پولیس اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر خیبر (ڈی پی او) عمران خان کے مطابق جمرود تختہ بیگ چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش حملہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچی اور فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی جبکہ تین اہلکار ہلاک ہوگئے۔

زخمی پولیس اہلکاروں کو حیات آباد میڈیکل کامپلیکس پشاور منتقل کردیا گیا۔

ڈی پی او کے مطابق پولیس نے خودکش حملہ آور کو نشانہ بنا کر ہلاک کردیا اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

بعدازاں پشاور پولیس نے کہا کہ ضلع خیبر کے جمرود تختہ بیگ چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ہوا جہاں ہینڈ گرنیڈ اور فائرنگ کا تبادلہ میں 3 پولیس اہلکار یونس خان آفریدی، منظور خان آفریدی اور رفیق ہلاک ہوگئے۔

پشاور پولیس کے مطابق فائرنگ، گرنیڈ حملہ سے اہلکار ہلاک ہوئے، خودکش حملہ آور نے کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کو پولیس جوانوں نے فائرنگ سے ہلاک کر دیا اور اسکی جیکٹ بھی پھٹ گئی۔

بعدازاں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے پولیس چوکی پر حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی۔

خیال رہے کہ ہفتے میں یہ دوسرا دہشت گرد حملہ ہے جس کی ذمہ داری ٹی ٹی پی نے قبول کی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے تختہ بیگ چیک پوسٹ پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی اور جائے وقوع پر پولیس کی اضافی نفری فوری طور پر بھیجنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی درجات بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و تحمل کی دعا کی۔

خیال رہے کہ 14 جنوری کو پشاور کے نواحی علاقے سربند میں تھانے پر تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گرد حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی بڈھ بیر اور ان کے 2 گن مین ہلاک ہو گئے تھے۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس آپریشنز پشاور کاشف عباسی نے صحافیوں کو واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ’بڈھ بیر کے علاقے میں واقع سربند پولیس اسٹیشن پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا‘۔

اس سے قبل یک جنوری کو خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے نواحی علاقے شہباز خیل میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہلکار ہلاک ہوگیا جب کہ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا تھا۔

ترجمان لکی مروت پولیس کے مطابق نیا سال شروع ہوتے ہی رات کو دہشت گردوں نے پولیس چوکی شہباز خیل پر خود کار ہتھاروں سے حملہ کیا، دہشت گردوں نے بھاری اور خودکار اسلحے سے لیس ہو کر پولیس کو نشانہ بنایا اور چوکی کے اندر گھسنے کی کوشش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں