لاہور (نیوز ڈیسک) حکومت پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہا ہے کہ پنجاب میں آدھے سے کم وزرا کو تبدیل یا ہٹایا جا سکتا ہے، وزیرِ اعلیٰ کو وزرا ہٹانے کا اختیار حاصل ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کے ترجمان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا ہے کہ کچھ صوبائی وزرا کو ہٹایا بھی جا سکتا ہے اور تبادلہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آج وزرا کی کارکردگی سے بھی وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔
انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو 15 دن پہلے اجازت دے دی تھی، کہ وہ جس وزیر کو چاہیں ہٹا یا تبدیل کر سکتے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعظم کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات میں تنخواہوں کا معاملہ زیرِ بحث نہیں آیا، اس معاملے پر وزیر اعظم اپنے غم و غصے کا اظہار پہلے کر چکے تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی وزیر اعلیٰ سے گورننس کے معاملات پر بات ہوئی، عثمان بزدار نے پولیس کی کارکردگی رپورٹ پر بات کی۔
انھوں نے بتایا کہ پنجاب پولیس کی کارکردگی کو دیکھ کر آئی جی کو ہدایات کی جائیں گی، دوسرے مرحلے میں بیوروکریسی، ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران پر گفتگو ہوگی۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی میں ارکان کی تنخواہوں میں اضافے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے پاس عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے وسائل نہیں، یہ فیصلہ بالکل بلا جواز ہے۔