آسٹریلیا: نیشنل وار میموریل میں نصب چینی ساختہ کیمرے ہٹانے کا فیصلہ

کینبرا (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے نیشنل وار میموریل نے اپنی حدود میں نصب چینی ساختہ کیمرے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ کیمرے جاسوسی کیلئے استعمال ہوسکتے ہیں۔

چین کے سرکاری سرمایہ کاروں کی جزوی ملکیت کمپنی ’hikvision‘ کے تیار کردہ نگرانی کرنے والے 11 کیمرے دارالحکومت کینبرا کی قومی جنگی یادگار میں نصب ہیں جنہیں رواں سال کے وسط تک ہٹا دیا جائے گا۔

میموریل میں 189 کیمرے اور بھی ہیں جنہیں دیگر کمپنیز نے تیار کیا ہے۔

اپوزیشن سینیٹر جیمز پیٹرسن نے کہا ہے کہ وہ تمام حکومتی محکموں اور اداروں کا آڈٹ کر رہے ہیں تاکہ نگرانی کیلئے چین کی تیار کردہ ڈیوائسز کا مکمل جائزہ لیا جاسکے۔

یاد رہے کہ برطانوی حکومت نے بھی حساس عمارتوں میں نصب چین کے تیار کردہ کیمروں اور دیگر الیکٹرانک آلات پر جاسوسی کے خطرے کے پیش نظر پابندی لگا دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں