وزیر داخلہ کی غیرملکی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سیکیورٹی اداروں کو ملکی اور غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت انسداد دہشتگردی اور غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، چیف سیکریٹری پنجاب، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ہوم سیکریٹری پنجاب، آئی جی پنجاب اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبہ پنجاب کی مجموعی سیکیورٹی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ کو صوبہ میں انسداد دہشتگردی اور غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عوام اور غیر ملکی شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، سی پیک اور دیگر منصوبوں میں کام کرنے والے چینی باشندوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

رانا ثناء اللہ نے ہدایت کی کہ سی ٹی ڈی اور سیف سٹی میں اصلاحات اور تنظیم نو کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ سیف سٹی سے اس وقت پچاس فیصد لاہور کی نگرانی کی جا رہی ہے، لاہور کی 100 فیصد نگرانی کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں